مقبوضہ بیت المقدس،29جولائی(ایس او نیوزآئی این ایس انڈیا)فلسطین میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز الاقصیٰ ریلیوں پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں میں کم سے کم دو فلسطینی شہید اور 52زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے غرب اردن، مقبوضہ بیت المقدس اور غزہ کی پٹی میں دفاع الاقصیٰ ریلیوں کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا، آنسوگیس کی شیلنگ کی اور دھاتی گولیوں سے انہیں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید اور پچاس سے زاید زخمی ہوگئے۔
ادھر بیت المقدس میں محکمہ اوقاف نے بتایا ہے کہ اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کیتمام دروازے کھول دیے ہیں اور مسجد میں کم سے کم عمر کی حد کی شرط بھی ختم کردی ہے۔ جمعہ کو اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں البریج پناہ گزین کیمپ کے قریب فلسطینی شہریوں کی ایک ریلی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک بچہ شہید اور دو فلسطینی زخمی ہوگئے۔ فلسطینی سیکیورٹی ذریعے کے مطابق قابض فوج نے تل ام حسنیہ کے مقام پر فلسطینی ریلی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 16سالہ عبدالرحمان حسین ابو ھمسیہ شہید ہوگیا جب کہ 20سالہ اسماعیل عماد جبر اور 23سالہ مومن علی الخالدی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگئے۔
ادھرفلسطینی وزارت صحت کے مطابق جمعہ کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں عتصیون چوک کے قریب اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 23سالہ عبداللہ طقاطقہ شہید ہوگیا۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے من گھڑت کہانی میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ طقاطقہ نے ایک اسرائیلی فوجی کو چاقو گھونپنے کی کوشش کی تھی جس پر اسے گولیاں ماری گئیں۔